ممبئی،19نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)مودی حکومت کی اہم اتحادی شیو سینا آج کانگریس لیڈر غلام نبی آزاد کے اس بیان کی حمایت میں اتری جس میں آزاد نے نوٹ بندی پر بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے نوٹ بندی سے ہونے والی اموات کاموازنہ اڑی دہشت گردانہ حملے میں مرنے والوں سے کیاتھا۔بی جے پی کی سب سے پرانی اتحادی شیو سینا نے کہا کہ تبصرے کے لئے آزاد سے معافی منگانے سے حقیقت نہیں بدل جائے گی۔قابل ذکر ہے کہ بی جے پی نے اپنے تبصرے کے لئے آزاد سے معافی کا مطالبہ کیا تھا لیکن کانگریس لیڈر نے اس کی مانگ ٹھکرا دی۔شیوسینا کے ترجمان اخبار ’’سامنا‘‘میں شائع اداریہ میں سوال کیا گیا کہ اگر آزاد نے معافی مانگ لی تو کیا حقیقت بدل جائے گی۔اداریے میں کہا گیا کہ اڑی حملے میں 20جوان شہید ہوئے تھے۔نوٹ بندی کے چلن سے ہٹائے گئے نوٹوں کو تبدیل کرنے کے لئے بینکوں کی قطار میں لگے40سے زائد محب وطن نے قربانی دی۔بی جے پی ساتھی نے کہا کہ مہنگائی، کساد بازاری، بے روزگاری کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد40سے 40لاکھ ہو جائے گی تو حکومت کہے گی یہ محب وطن کی قربانی ہے۔شیو سینا نے کہا کہ ایسے میں ایک دن کہیں پورے ملک کو ہی شہید کہنے کی نوبت نہ آئے۔شیوسینا نوٹ بندی کے معاملے پر مسلسل مودی حکومت پر حملے کر رہی ہے اور بینچ میں ہونے کے باوجود اس نے اس معاملے پر مظاہرے میں اپوزیشن جماعتوں سے ہاتھ ملایا۔دو دن پہلے مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے شیو سینا سربراہ ادھو ٹھاکرے سے بات کی تھی اور نوٹ بندی مخالف مظاہرے میں شیوسینا کی شرکت پر بی جے پی کی ناراضگی ظاہر کی تھی۔بہر حال شیوسینا اپنی تنقید میں یہ کہتے ہوئے ڈٹی رہی کہ اس کو بہتر طریقے سے لاگو کیا جا سکتا تھا۔